ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل لبیک نوائط اسوسی ایشن یوتھ کا سالانہ جلسہ : مختلف پروگراموں کےذریعے نوجوان متحرک و سرگرم

بھٹکل لبیک نوائط اسوسی ایشن یوتھ کا سالانہ جلسہ : مختلف پروگراموں کےذریعے نوجوان متحرک و سرگرم

Fri, 18 Feb 2022 20:26:19    S.O. News Service

بھٹکل:18؍ فروری (ایس اؤ نیوز) لبیک نوائط اسوسی ایشن یوتھ کا  سالانہ اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا۔ جس میں یوتھ ونگ کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی اور  اس ونگ کے مقاصد کو بیان کیاگیا ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے۔ ان کے آپسی تعلقات کو استوار رکھنے، ایک محلے کے نوجوانوں کو دوسرے محلے کے نوجوانوں سے واقف کرانے اور آپس میں اتحاد کے ساتھ ہر کام کو انجام دینے پر زور دیا گیا، نوجوانوں کی فکری اور علمی تربیت اور قائدانہ صلاحیت پیدا کرنا بھی مقاصد میں شامل بتایا گیا۔ اس موقع پر ادارے کی ترقی کے لئے اس بات کی طرف توجہ دلائی گئی کہ ہر کام سے پہلے نیت خالص اللہ کو راضی کرنے کی ہو،مقصد متعین ہو ،نو جوانوں کا آپس میں تعاون اور اتحاد ہو، وسائل کی فراہمی ہو اس کے ساتھ ساتھ کام کا بار بار جائزہ لیا جانا بھی ضروری قرار دیا گیا۔ ان امور کی انجام دہی کے لئے ہر ماہ کے لئے ایک نیا امیر منتخب کرنا طئے پایا تھا لیکن کورونا وباء اور دیگر حالات کی وجہ سےبعد میں ہر دو ماہ میں ایک مرتبہ امیر اور نائب امیر کا انتخاب کیا جانا طئے ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوتھ ونگ کی طرف سے غسل میت کیمپ، کنڑا اسپیکنگ کورس، یوم جمہوریہ اور یومِ آزادی کی تقریبات، دینی نہج پر تربیتی کیمپ، بیڈمنٹن لیگ کا انعقاد، انڈر 19کرکٹ کیمپ، تعلیمی و تہنیتی ایوارڈ، بزنس اور کیرئیر کونسلنگ پروگرام ، پرو کبڈی لیگ، امتحانات کی تیاری ، کووڈ ٹیکہ کاری کیمپ، آنکھ جانچ  کیمپ ، ووٹر شناختی کارڈ کیمپ، بلوغت کے بنیادی مسائل ،سیرت کوئز مقابلہ اور ڈرائیونگ لائسنس کی دشواریوں پر مشتمل مختلف پروگرام منعقد کرتے ہوئے نوجوانوں کی رہنمائی کی گئی ۔

اجلاس کاآغاز حافظ معان رکن الدین کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ ابوہریرہ محتشم نے ہدیہ نعت پیش کی۔ حسین قاضیا نے لبیک کا ترانہ پیش کیا۔ مولانا عبداللہ چامنڈی نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔ مولوی اسماعیل برماور نے یوتھ ونگ کی کارکردگی پیش کی۔ لبیک کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے نوجوانوں کی ذمہ دار ی اور ان کی معاشرے میں اہمیت پر خطاب کیا۔ بھٹکل مسلم  یوتھ فیڈریشن مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے یوتھ ونگ کی ستائش کی۔ لبیک اسوسی ایشن کے صدررئیس احمد رکن الدین نے صدارتی خطاب کیا۔ مفاز ائیکری نے نظامت کی۔ اس موقع پر یحییٰ شاہ بندری ، نجیب شاہ بندری ، سجاد کولا سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔


Share: